سکھر،بازاروں میں چوکیداری نظام قائم کرنے پر اتفاق

157

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کی 65 سے زائد تاجر تنظیمات پر مشتمل آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن اور پولیس افسران سکھر میں امن و امان کی بہتری، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور تجاوزات کے خاتمے کیلیے کردار ادا کرنے ، تجارتی مراکز میں دن و رات کے اوقات میں چوکیداری نظام باقاعدہ شروع کرنے اور تاجر تنظیموں کے عہدیداران اپنے اپنے بازاروں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرانے کیلیے رضا مند ہوگئے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی آفس سکھر میں ڈی آئی جی سکھر طارق عباس قریشی اور ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کے ہمراہ حاجی محمد ہارون میمن کی زیر قیادت تاجروں کے نمائندہ اجلاس میں سکھر شہر کی بہتری کیلیے مشترکہ کام کرنے پر اتفاق کیا طے پایاکہ تمام بازاروں کے صدر و جنرل سیکرٹری اپنے اپنے بازاروں سے رضاکارانہ طور پر از خود تجاوزات ختم کرائیں گے تاکہ سکڑی ہوئی سڑکیں روڈ راستے کشادہ ہوسکیں اور ٹریفک جام کے مسلے پر قابو پایا جاسکے اور ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جاسکے اس طرح تمام بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹرز میں دن و رات کے اوقات میں چوکیداری نظام باقاعدہ شروع کرنے کیلیے گارڈز مقرر کیے جائیں گے۔ اس موقع پر حاجی محمدہارون میمن نے ڈی آئی جی سکھر طارق عباس قریشی اور ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کی توجہ سکھر کے تجارتی مراکز کے قریب پارکنگ ایریا مقرر کرنے یا نیا پارکنگ ایریا بنانے کی تجویز اور متعدد مقامات کی نشاندہی بھی کی اور تاجروں نے اپنی اپنی تجاویز اور مشوروں کے ساتھ ساتھ آرا بھی دیں کہ سکھر شہر کوماڈل سٹی کیسے بنایا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر دونوں مذکورہ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ تاجر اور شہری تعاون کریں اور اپنا اپنا قومی و شہری فریضہ انجام دیں تو ہر مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز میں شامل تمام تاجر تنظیمیں حاجی محمد ہارون میمن کی سربراہی میں سکھر شہر کی بہتری میں جو کام کرنے میں تعاون کررہی ہیں وہ قابل تعریف ہیں اور ہم ہر ممکن بہتر سے بہتر اقدامات کرکے تاجروں اور شہریوں کو اچھی سہولتیں فراہم کریں گے۔