اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کو کالعدم قرار

317

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے سی ڈی اے مزدور یونین، سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن اور دیگر درخواستوں پر پہلے سے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کو کالعدم قرار دیا۔

ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات نئے آرڈیننس کے تحت نہیں ہو سکتے، بلدیاتی الیکشن لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت کرائے جائیں۔

درخواست گزاروں کی جانب سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی موجودگی میں آرڈیننس کے ذریعے نیا بلدیاتی نظام لانے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ حکومتی وکیل نے بتایا تھا کہ 19 نومبر کو پارلیمنٹ کا سیشن ختم ہوا، 23 نومبر کو آرڈیننس جاری ہوا۔

درخواستوں میں لوکل گورنمنٹ آرڈیننس میں چیئرمین کا کردار محدود کرنے پر بھی اعتراض اٹھایا گیا تھا اور آرڈیننس کے باقاعدہ قانون نہ بن پانے پر منتخب نمائندوں کے مستقبل پر بھی سوال اٹھایا گیا تھا۔