سبی میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملہ،4 اہلکار شہید،6 زخمی

130

سبی ( آن لائن +مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے علاقے سبی میں سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی بم دھماکے میں ایف سی کے 5 اہلکار شہید اور 8 زخمی ہو گئے۔مقامی انتظامیہ کے مطابق دھماکا سبی کے علاقے سانگان میں ہوا۔اسسٹنٹ کمشنر سبی ثنا ماہ جبین نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمی 8 اہلکاروں میں سے 6کی حالت نازک ہے اور سی ایم ایچ سبی میں ان کا علاج جاری ہے۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن کیا بعد ازاں واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ یہ ایک آئی ڈی دھماکا ہے جبکہ ایف سی اہلکار ایک چیک پوسٹ سے دوسری کی جانب جا رہے تھے کہ دھماکا ہو گیا۔ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی سرزمین کی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے مشن کو عملی جامہ پہنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ملک دشمن قوتیں بلوچستان میں قیام امن کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں،دشمن کے مذموم عزائم ناکام ہوں گے، ملک دشمن عناصر دہشت گردی پھیلا کر اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔صوبائی مشیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔