مارشل لا نہیں لگے گا‘عمران خان کی کوششیں ناکام ہونگی ‘ خورشید شاہ

203

 

سکھر(آن لائن) پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہاہے کہعمران خان کی کوششوں کے باوجود ملک میں مارشل لا نہیں لگے گا،وزیراعظم ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں مگر ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے ناکام ترین وزیر اعظم ہیں جنہوںنے پارلیمنٹ کی عزت اور توقیر تک ختم کردی ہے اب وہ گھبراہٹ میں گالیاں بھی دے رہے ہیں اور مسخروں جیسی حرکتیں بھی کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا اگر تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہ ہوئی تو ملک میں انارکی پھیلے گی،اگر کوئی آئین کی خلاف ورزی کرے گا تو وہ آئین کے آرٹیکل 6 کے زمرے میں آئے گا چاہے وہ کوئی بھی ہو۔پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس بھی باہر آئے گا اور لوگوں کو پتا چلے گا کہ یہ تو چندے کے پیسے بھی کھاگئے ہیں۔