ق لیگ پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی ہے،اسد عمر

388

اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی ضرورت ہے،ق لیگ پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی ہے ، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو بھی ناکام بنا دیں گے ۔پاکستان اوورسیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ2018 ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے شہری علاقوں میں سب سے زیادہ ووٹ ملے، گلگت بلتستان میں بھی سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت تحریک انصاف ہے، تحریک انصاف ملک بھر کے پاکستانیوں کی پارٹی ہے جبکہ ق لیگ پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی، مسلم لیگ (ن) جی ٹی روڈ کی پارٹی اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور لیاقت علی خان کے بعد تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو بھی ناکام بنا دیں گے،عمران خان پاکستان کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کو دبائو کا شکار کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے، ملک کو مضبوط رکھنے کے لیے ہمارا متحد ہونا ضروری ہے، ملک میں اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے ، مشکل حالات میں پاکستانیوں نے مقابلہ کرنا ہے، کامیابی کے لیے ملک کو متحد ہونا ضروری ہے،ملک قربانی سے بنا ہے اس کے لیے مزید قربانیاں دینے کو تیار ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ اوور سیزپاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک بیان میں کہا کہ قومی اسمبلی کااجلاس بلا نے کا اختیار وزیر اعظم کو دیا گیا ہے،وزیراعظم نے ڈی چوک جلسے میں 10 لاکھ لوگ لانے کی ہدایت کی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ملک کے کونے کونے سے لوگوں کو ڈی چوک لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ کی تاریخ کا اختیار بھی وزیراعظم کو دیا گیاہے،وزیراعظم نے کہاکہ اتحادیوں سے معاملا ت کافی بہتر ہیں،ان شااللہ ہمارے ساتھ ہوں گے ۔