کراچی(نمائندہ جسارت)پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی مخدوم خلیق الزماں 65 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔ سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزماں نے بتایا کہ مخدوم خلیق الزماں شوگر، بلڈ پریشر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ مرحوم کی تدفین آبائی شہر ہالہ کے قبرستان میں کی جائے گی۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مخدوم خلیق الزماں بینظیر بھٹو کے ساتھی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے اہم رہنما تھے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی، سعید غنی، ناصرحسین شاہ، امتیازشیخ، وقارمہدی نے مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کیلیے دعا بھی کی۔