27 مارچ کواسلام آباد کے ڈی چوک میں 10 لاکھ افراد جمع ہوں گے ،اسد عمر

620
27 مارچ کواسلام آباد کے ڈی چوک میں 10 لاکھ افراد جمع ہوں گے ،اسد عمر

اسلام آباد : وفاقی وزیر اسدعمر نے کہا ہے کہ اسلام ڈی چوک میں 10 لاکھ افراد جمع ہونگے،27 مارچ کو ڈی چوک پر جلسے کا اعلان کردیا، جلسے میں عوام کے محبوب قائد قوم کو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کپتان نے ڈی چوک اسلام آباد جلسے کا حتمی فیصلہ کرلیا، 27 مارچ کو تاریخ ساز اجتماع ہونے جا رہا ہے، دنیا دیکھے گی پاکستان کے عوام کیسے اپنی آزادی اور خودمختاری کیلئے کپتان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔

اسد عمر نے کہا ہے کہ دنیا دیکھے گی عوام کیسے خود مختاری کے لیے کپتان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں،27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں انسانوں کے سمندر کا خیر مقدم کریں گے اور اسلام آباد کے ڈی چوک میں تاریخ رقم کریں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کے اتحاد کی علامت، لٹیروں کے لیے خوف کاپیغام ہیں، عوام کی تائید اور اللہ کی نصرت سےعمران خان پاکستان کو ترقی و عروج کی راہ پر ڈال چکے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ مفاد پرستوں کا گروہ ترقی کی راہ روک کر قوم کو پستی کی جانب دھکیلنا چاہتا ہے، کسی کو ملک و قوم کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اسد عمر نے کارکنوں کو ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ارکان پارلیمان اورمقامی ذمےداران ملک گیر سطح پر عوام کو متحرک کریں۔27 مارچ کو تاریک ساز اجتماع ہونے جا رہا ہے ،27 مارچ کو اسلام آباد ڈی چوک پر تاریخ رقم کر دیں گے۔

عامر محمود کیانی جلسے کے انتظامات کی نگرانی کریں گے اور 27 مارچ کو عوام کے محبوب قائد قوم کو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، انشااللہ۔