اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر صرف اپوزیشن نہیں بلکہ عوام بھی ہمارے ساتھ ہیں‘ تمام جمہوری قوتیں غیر جمہوری شخص کے خلاف اپنا حق استعمال کر رہی ہیں‘ ملک کو جنگل کے قانون کی بنیاد پر نہیں چلایا جا سکتا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں‘ گالی دینے پر اتر آئے ہیں‘لانگ مارچ کرکے ثابت کردیا حکومت عوام کا اعتماد کھو چکی ہے‘ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے ضروری ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کو ووٹ کا حق دیا جائے‘وزیر اعظم کے نمائندے اعلان کر رہے ہیں ہم ووٹ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے حکم پر پولیس پارلیمنٹ میں داخل ہوتی ہے اور اراکین اسمبلی کو گھسیٹتے ہیں تو اس سے دنیا کو کیا پیغام جا رہا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اراکین اسمبلی کو تحفظ فراہم کریں تاکہ پارلیمنٹرینز ووٹ ڈال سکیں‘ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد دراصل ملکی تاریخ کا ’جمہوری عدم اعتماد‘ ہوگا جو یقیناً کامیاب ہوگی‘ جو وزیراعظم اپنے اراکین پر اعتماد نہیں کرسکتا وہ حکومت کیسے کرسکتا ہے‘ ہمارے نمبر پورے نہ ہوتے تو کیا عمران خان اتنے پریشان ہوتے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بتائیں کہ وہ کس کو جانور کہہ رہے ہیں، ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے عمران خان کی پالیسیاں کارگر نہیں ہیں۔