پشاور (اے پی پی) افغان حکومت نے پشاور میں واقع پیراپلیجک سینٹر کی انتظامیہ سے اس طرز کا ایک بڑا ادارہ کابل میں بھی قائم کرنے میں معاونت کی درخواست کی ہے جبکہ سینٹر کے سربراہ نے بین الحکومتی لوازمات کی تکمیل پر ایسے ادارہ کی افغانستان میں قیام کے لیے پورے تعاون کا عندیہ دیا ہے۔ پیراپلیجک سینٹر پاکستان کا واحد طبی ادارہ ہے جہاں نہ صرف ریڑھ کی ہڈی کے زخمیوں اور مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے بلکہ یہاں اپاہج افراد کے لیے مصنوعی اعضا بھی تیار ہوتے ہیں۔ گزشتہ کئی عشروں پر محیط افغان جنگوں میں ہزاروں افغان زخمیوں کا یہاں کامیاب علاج ہوا اور انہیں مصنوعی اعضا لگائے گئے۔ اس سلسلے میں ہلالِ احمر افغانستان کے سربراہ مولوی مطیع الحق خالص نے گزشتہ روز افغان حکومتی وفد کے ساتھ پیراپلیجک سینٹر پشاور کا دورہ کیا جبکہ سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر سید محمد الیاس نے انہیں ادارے کے اغراض و مقاصد اور مثالی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور اس بات سے مکمل اتفاق کیا کہ جنگوں سے متاثرہ افغانستان میں معذوروں کی جسمانی، نفسیاتی اور معاشرتی بحالی کے لیے پیراپلیجک سینٹر پشاور کی طرز پر ادارے بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔