بلوچستان عوامی پارٹی اپنا فیصلہ خود کرے گی‘ شیخ رشید نہیں‘ جام کمال

178

کوئٹہ(صباح نیوز)بلوچستان عوامی پارٹی(بی اے پی)کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی اپنا فیصلہ خودکرے گی، شیخ رشید نہیں۔ایک ٹوئٹ میں جام کمال خان کا کہنا تھا کہ بی اے پی اپنا فیصلہ خودکرے گی، شیخ رشید نہیں۔ جام کمال نے ٹوئٹ میں شیخ رشید کی پریس کانفرنس کی تصویر بھی شیئر کی ۔ خیال رہے کہ کوئٹہ میں
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، میں بھی چٹان کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں باقی لوگوں کا ذمے دار نہیں ہوں۔علاوہ ازیںبلوچستان عوامی پارٹی نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق فیصلہ قومی اسمبلی اجلاس تک موخر کردیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق پارٹی میں مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور عدم اعتماد سے متعلق کوئی بھی فیصلہ موخر کردیا ہے۔پارٹی ذرائع نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ بلوچستان عوامی پارٹی سے اپوزیشن جماعتوں نے بھی رابطے کیے ہیں۔ رابطے کرنے والی پارلیمانی جماعتوں سے ملاقاتوں کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد سے متعلق فیصلہ پارٹی کی سینئر قیادت اور ارکان اسمبلی مل کر کریں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر خالد مگسی سابق صدر آصف زرداری سے بھی مل چکے ہیں۔