ایاز صادق کی درخواست پر وزیراعظم، نادرا اور الیکشن کمیشن کو نوٹس

100

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے 2013ء کے عام انتخابات میں این اے 122 میں دھاندلی کے الزامات سے متعلق سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی درخواست پر سماعت کے موقع پر عمران خان نادرا اور الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے معاملے کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ معاملے کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار ایاز صادق نے موقف اپنایا کہ دھاندلی کے الزامات سے میری کردار کشی کی گئی، جھوٹا کہا گیا، بطور اسپیکر مجھے بہت زیادہ باتیں سننا پڑیں، میرے بارے میں دھاندلی کرنے کا تاثر بنایا گیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے پوچھا کیا اس سب کے بعد آپ الیکشن ہار گئے؟ ایاز صادق نے بتایا نہیں میں اس کے بعد بھی الیکشن جیتتا رہا، کبھی الیکشن نہیں ہارا، یہ ایک سیاسی معاملہ ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا ایاز صادق صاحب آپ بہت حساس ہیں، ہتک عزت کا قانون بڑا واضح ہے، اگر آپ کی کردار کشی ہوئی تو ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے درخواست گزار بہت حساس ہیں۔ 2013ء کا الیکشن اور اس کی مدت ختم ہوچکی، یہ معاملہ اب ختم ہوچکا، آپ کی قانونی کارروائی کبھی ضائع نہیں جاتی، الیکشن ایکٹ 2017ء سے بہت بہتری آئی ہے، الیکشن کمیشن نے بھی بہت کام کیا ہے، ہم نے فریقین کو نوٹس کردیے ہیں جلد اس معاملے کو سنیں گے۔