وزیراعظم اپنے خلاف عدم اعتماد تحریک کے خود ذمہ دار ہیں، سردارظفرحسین خان 

670
وزیراعظم اپنے خلاف عدم اعتماد تحریک کے خود ذمہ دار ہیں، سردارظفرحسین خان 

فیصل آباد: جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے خلاف عدم اعتماد تحریک کے خود ذمہ دار ہیں۔ تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی اور ناکامی کا نتیجہ نئے عام انتخاب ہی ہوں گے۔ عمران خان سرکارنے ریاست مدینہ کا وعدہ کرکے قوم پر قرآن و سنت سے متصادم قانون سازی مسلط کردی۔

احتساب کے قومی مطالبہ کا ملیامیٹ کردیا، کرپٹ مافیا کو سرپرستی دے کر مزید طاقتور بنادیا، ملک میں کرپشن اور رشوت کی رفتار تیزتر کردی۔ حکومت نے ثابت کیا کہ یہ کھلنڈروں، بدتہذیب اور غیرذمہ دار افراد کا ٹولہ ہے۔ حکومتی ناکامی اور تباہی کی ساری ٹیم ذمہ دار عمران خان کی ٹیم ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے ناکام حکمرانوں اور فرسودہ نظامِ سیاست سے چھٹکارے کے لیے قوم اور اسٹیبلشمنٹ نے بڑی توقعات وابستہ کیں لیکن عمران خان نے بیک وقت پوری قوم میں اپنے حامیوں، پارٹی ارکان، حکومتی اتحادیوں، سرپرست اسٹیبلشمنٹ، اپوزیشن اور دوست ممالک کو مایوس کردیا۔

امریکہ اور یورپ کو اپنی غلط حکمتِ عملی اور زبان درازی سے پاکستان کے لیے نقصان دہ بنالیا۔ یہ طرزِ حکمرانی پاکستان جیسے بے شمار مسائل میں گھرے ملک کو وارا نہیں کھاتی۔ تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی اور ناکامی کا نتیجہ نئے عام انتخابت ہی ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ اقتصادی تباہی قومی سلامتی کے لیے خطرناک ہوگئی ہے۔ عام آدمی کے لیے مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زر، بجلی، تیل، گیس کی قیمتوں اور ناجائز ٹیکسوں کی بھرمار، ادویات اور زرعی مداخل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ناقابلِ برداشت بنادیا ہے۔

خارجہ محاذ پر تنہائی، عدم حکمت اور غیرسفارتی اسلوبِ بیان ناکامی کا سبب ہے۔ قرضوں اور کشکول کی پالیسی نے ملک کی عزت گنوائی اور دوستوں کو ناراض کرلینا، ہر ظالم ملک کی طرفداری کرنا، کشمیر اور افغانستان کے محاذوں پر بزدلی اور کنارہ کشی ناقابلِ معافی جرم بن گئے ہیں۔