لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) وائس چانسلر جامعہ بینظیر پروفیسر انیلا عطاالرحمن کی جبری چھٹی کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے پروفیسر انیلا عطاالرحمن کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے جبری چھٹی کے حکومتی نوٹیفیکیشن کے خلاف اسٹے دے دیا۔ پروفیسر انیلا عطاالرحمن ٓج اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گی، سندھ ہائی کورٹ کراچی میں ججز کی 2 رکنی بینچ نے پروفیسر انیلا عطا الرحمن کو سندھ حکومت کی جانب سے جبری چھٹی پر بھیجے جانے کے خلاف دائر پیٹیشن پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا ۔ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق پروفیسر انیلا عطاالرحمن کو جبری چھٹی کے خلاف اسٹے دے دیا گیا ہے۔ عدالتی احکامات کے مطابق انیلا عطا الرحمن بطور وائس چانسلر اپنے عہدے کا چارج واپس لے سکتی ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ وائس چانسلر کے خلاف 2 ہفتوں میں عدالت میں کچھ ٹھوس شواہد پیش نہیں کر سکی۔ دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے پبلک سیکٹر کالجز اور یونیورسٹیز کے گرلز ہاسٹلز میں مرد عملے کی تعیناتیوں پر پابندی لگا دی، خلاف ورزی کرنے والے افسران اور وائس چانسلرز کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ سنایا ہے، سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد وائس چانسلر پروفیسر انیلا عطا الرحمن اب لاڑکانہ آ کر عہدے کا چارج سنبھالیں گی۔