منی لانڈرنگ کیس: شہباز اور حمزہ کیخلاف کل فرد جرم عاید کی جائیگی

113

لاہور (نمائندہ جسارت)اسپیشل سینٹرل عدالت میں العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے جعلی اکائونٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور انکے صاحبزادے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف کل بروز جمعرات فرد جرم عائد کی جائے گی۔عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں کل تک توسیع کر رکھی ہے، دونوں باپ بیٹے ملزمان اپنی عبوری ضمانتوں کی میعاد ختم ہونے پر کل عدالت میں پیش ہونگے۔ اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز اعوان نے شہباز شریف اور انکے صاحبزادے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کریں گے اور ان دونوں پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کریں گے۔عدالت کے روبرو شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ضمانت درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایف آئی اے نے ان کے خلاف شوگر کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کا بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے، خدشہ ہے کہ ایف آئی اے حکام کیس میں انہیں گرفتار کر لیں گے۔استدعا ہے کہ عدالت عبوری ضمانت منظور کر کے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکے۔