لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ سرفراز نواز شیخ کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری، روپوش و مطلوب 12 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے منشتیات، نقدی اور موٹرسائکلیں برآمد کرلی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کنگا پولیس نے چوریوں کے مقدمات میں روپوش تین ملزمان فتح محمد عرف فتو شر، دلشاد عرف کوڈو جاگیرانی اور غلام علی عرف مرتضیٰ سانگی کو، بقاپور پولیس نے تھانہ لکھی غلام شاہ ضلع شکارپور کے اشتہاری ملزم نیاز کلہوڑو کو، مددگار بیس ون نے رشید وگن پر سنگین نوعیت کے مقدمے کے اشتہاری ملزم نیاز کورائی کو، سیہڑ پولیس نے روپوش ملزم منظور جھتیال کو، ڈوکری پولیس نے تین منشیات فروشوں ساجد سوہو، رسول بخش جویو کو 2 ہزار گرام بھنگ اور ملزم جبران جویو کو 800 گرام چرس سمیت، رشید وگن نے جوا کے اڈے چلانے اور کھیلنے والے تبن ملزمان علی گل، شبن اور سرفراز کو نقدی اور چار موٹرسائیکلوں سمیت گرفتار کرلیا ہے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب لاڑکانہ شہر کے تھانہ حیدری کی حدود رسول آباد محلے میں مبینہ طور پر رشتے داری کے تنازع پر بااثروں نے حملہ کرکے نوجوان محنت کش جاوید سولنگی اور ان کی بہن زیبا سولنگی کو شدید زخمی کردیا جنہیں ورثا کی جانب سے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کرنے کے بعد انہیں طبی امداد دی گئی۔اس موقع پر زخمی خاتون کے شوہر محمد علی سولنگی نے بتایا کہ سالے جاوید سولنگی کے رشتے دار انہیں اہلیہ کو طلاق دینے پر تنگ کررہے ہیں انکار پر ان کے رشتے داروں نے آج میرے گھر میں گھس پر میری بیوی زیبا اور جاوید پر حملہ کرکے فرار ہوگئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث بااثرافراد کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔