اسلام آباد:وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا سرکس بارہا دیکھ چکے ہیں، یہ لوگ روزانہ میڈیا میڈیا کھیلتے ہیں اور میڈیا پر ہی حکومت گراتے ہیں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ان کے دعوے ناکام ہوئے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہارا ہوا لشکر ہے صرف ذاتی مفادات کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، اپوزیشن نے پہلے بھی دعوے کئے لیکن قانون سازی میں ان کے اپنے ہی ارکان غائب ہوتے ہیں، اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں بھی منہ کی کھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا سرکس بارہا دیکھ چکے ہیں، جب تحریک انصاف کی حکومت آئی تو کہا گیا کہ عمران خان وزیراعظم عمران کا حلف نہیں لے سکیں گے لیکن اللہ کے فضل سے وہ سرخرو ہوئے، پھر کہا گیا کہ بجٹ پاس نہیں ہو گا، ہم نے بجٹ بھی پاس کر کے دکھایا، اس کے بعد فیٹیف قانون سازی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور آئی ووٹنگ قانون سازی کے دوران بھی اپوزیشن نے بھرپور مخالفت کی لیکن ہم بل پاس کرانے میں کامیاب رہے۔
مراد سعید نے کہا کہ اپوزیشن کو اس سے پہلے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں بھی ہزیمت اٹھانا پڑی تھی کیونکہ جب بھی نظریے اور مفادات کا مقابلہ ہوا ہے تو جیت ہمیشہ نظریے کی ہوئی ہے، اپوزیشن ہارا ہوا لشکر ہے، یہ لوگ اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ یہ پھر ہاریں گے۔