ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلیے صنفی مساوات ناگزیر ہے‘ اسد قیصر

259

اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے صنفی مساوات ناگزیر ہے، خواتین کی معاشی ترقی اولین ترجیح ہے، آرٹیکل 25کے مطابق خواتین کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں برابر نمائندگی دینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نسل نو کو غربت، افلاس اور بھوک سے محفوظ بنانے کے لیے خواتین کو ہر شعبے میں برابرکی نمائندگی دینی ہو گی، خواتین کی معاشی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے ہوںگے، ایک پڑھی لکھی خاتون ہی اپنے خاندان کی صحیح معنوں میں اچھی تربیت کر سکتی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم سب کو اپنے معاشرے میں خواتین کے مسائل کا ادراک ہونا چاہیے، پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے خواتین کو بااختیاربنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ خواتین پارلیمنٹرین خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ قانون سازی کے عمل میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، موجودہ پارلیمنٹ خواتین کو بااختیار بنانے اور قانون سازی کے عمل میں ان کی شرکت کو یقینی بنانے پرعمل پیرا ہے۔