شین وارن کی یاد میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے میڈیا باکس میں تقریب کا انعقاد

658
راولپنڈی:آسٹریلین اور پاکستانی کرکٹرز لیجنڈ اسپنر شین وارن کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی):سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر شین وارن کی یاد میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے میڈیا باکس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر آسٹر یلیا کے صحافی جیف لیمن ، ملینڈا فریل کے علاوہ پاکستان کے سنیئر ا سپورٹس جرنلسٹس بھی موجود تھے ، تقریب میں کھیلوں سے وابستہ ملکی اور غیر ملکی صحافیوں نے شین وارن کو خراج عقیدت پیش کیااور میڈیا باکس میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ راولپنڈی ٹیسٹ جے دوران پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے میڈیا باکس میں شین وارن کی تصویر بھی آویزاں کی گئی ۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس کا کہنا تھا کہ شین وارن دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی تھے، شین گرائونڈ اور گرائونڈ سے باہر بہترین انسان تھے، یاسر شاہ کو مشکل کا سامنا جب ہوا تو شین وارن نے ان کی مدد کیم وقار یونس نے کہاکہ کھلاڑیوں کی ہمیشہ مدد کرنے کے لیے شین وارن پیش پیش ہوتے تھے ۔ سنیئر ا سپورٹس جرنلسٹ عبد المحی شاہ نے کہاکہ شین وران جیسے کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، ان کی کرکٹ کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وہ ایک عظم انسان بھی تھے۔اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (سجاک) کے کنوینر سید وزیر علی قادری نے بھی آنجہانی سابق آسٹریلین ٹیسٹ کرکٹر شین وارن کو دنیائے کرکٹ کا عظیم کھلاڑی قرار دیا۔