کراچی: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان بزنس فورم کے بانی رکن سعید اسماعیل کا انتقال پوری جماعت اسلامی کے لیے بڑا صدمہ ہے وہ پوری زندگی اس ملک میں اسلامی نظام کیلئے جدوجہد اور محنت کرتے رہے۔
یہ بات انہوں نے سعید اسماعیل کے ورثا کے نام ایک آڈیو پیغام میں کہی جو فاران کلب میں سعید اسماعیل کی یاد میں تعزیتی تقریب میں سنایا گیا۔تقریب سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے شعبہ امور خارجہ کے سربراہ آصف لقمان قاضی پاکستان بزنس فورم کراچی کے نائب صدر شکیل ہاشمی جنرل سیکرٹری سہیل عزیز سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے گروپ لیڈر جنید مکاتی فاران کلب کے صدر ایچ ایم حنیف الحمرا سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری فیصل گلزار کے یو سی ایچ سوسائٹی کے صدر میاں وقار عالم مرحوم کے صاحبزادے تاجر رہنما زاہد سعید خالد سعید انور اور دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر تاجر رہنما عرفان اللہ اور پاکستان بزنس فورم کے صدر کامل ملتانی بھی موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ اللہ نے سعید اسماعیل کو تحریکی شعور سے نوازا تھا اللہ نے ان کے سینے کو اپنی اور رسول اللہ کی محبت سے منور کیا تھا وہ زندگی کے آخری لمحے تک اللہ کی راہ میں جدوجہد کرتے رہے اپنے بچوں کی بھی انہوں نے بہترین تربیت کی سعید اسماعیل سے اپنی ملاقاتوں کا حوالے دیتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وہ اخلاص کا ایک نمونہ تھے ان کی آنکھوں میں تحریک اور اللہ کے دین کے لیے محبت نظر آتی تھی ۔ ان کی جدائی کا درد ہم بھی ان کے بچوں کی طرح محسوس کرتے ہیں ۔سراج الحق نے دعا کی کہ اللہ ان کے صاحبزادوں خالد سعید زاہد سعید اور انور سعید سے دین کے لیے جدوجہد کا کام لے اور سعید اسماعیل کے لیے صدقہ جاریہ بنائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد اپنے پورے دور امارت میں سعید اسماعیل کے گھر پر قیام کرتے تھے ۔ ہم بھی جمعیت کے دور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقاتوں کے لیے جاتے رہے ۔ سعید اسماعیل ہمیشہ مثبت سمت میں رہنمائی کرتے رہے انہوں نے اپنے پورے گھرانے اور وسائل کو تحریک کے لیے وقف کردیا تھا ۔ ایم کیو ایم کے مشکل ترین دور میں چٹان کی طرح کھڑے رہے اور تمام تر دبا کے باوجود انہیں جھکایا نہیں جاسکا۔