راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) آئی سی سی،پی سی بی،کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلوی کرکٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پاک آسٹریلیا سیریز تاریخی ہے ،تاریخی دن کیلئے دونوں بورڈز نے انتھک کام کیا،پاکستان نے ملکوں کی میزبانی کرکے اعتمادبڑھایا،کرکٹ سیریز سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوستی کو بھی فروغ ملے گا، پاکستان میں سیکیورٹی بہترین دی گئی ہے،شین واٹسن ۔ دورے کیلئے کھلاڑیوں کوتیار کرنے میں مدد کی، پاکستان میں آسٹریلوی ٹیم کا تاریخی استقبال کیا گیا،آسٹریلیا کا دورہ پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے بھی اہم ہے۔ان خیالات کا ظہار جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ سے قبل کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہو کلی ، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس ، کرکٹر ایسوسی ایشن آسٹریلیا کے ٹاڈ گرین برگ اور پی سی بی چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین نے پنڈی کرکٹ ا سٹیڈیم میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین نے کہا کہ آج پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا اہم دن ہے،پاکستانی مداحوں نے آسٹریلیا کودیکھنے کے لئے 24سال انتظارکیا، راولپنڈی ٹیسٹ سے دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ روابط کا نیا آغاز ہوگا۔پاکستان کے کرکٹ مداح آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔فیصل حسنین کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کا دورہ پاکستان صرف کرکٹ کے لیے ہی اہم نہیں بلکہ دونوں بورڈز کے درمیان کرکٹ کے لیے کام کرنا بھی ہے، پاکستان اور آسٹریلین بورڈز کی محنت کی بدولت آج آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم آسٹریلیا ٹیم کے دورہ پاکستان پر شکر گزار ہیں، حالیہ سیریز سے دنیا کو مثبت اور مضبوط پیغام جائیگا، آج ثابت ہوگیا کہ پاکستان،آسٹریلیا کرکٹ سیریز کرکٹ سے بڑھ کرہے۔چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہاکلے نے کہاکہ راڈ مارش کے انتقال پر ان کی فیملی سے اظہار افسوس کرتے ہیں ،پاکستان میں آج تاریخی دن ہے جس کے لیے ہم نے انتھک کام کیا، پاکستان آنے پر فخر محسوس کر رہا ہوں، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات کو فروغ ملا ہے، پاکستان میں کرکٹ کی تیاریاں دیکھ کر اعتماد مزید بڑھ گیا ہے۔نک ہاکلے نے کہا کہ پاکستان میں آسٹریلیا کی ٹیم کا تاریخی استقبال کیا گیا، پی سی بی اور پاکستان میں کرکٹ مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔آسٹریلیا کی کرکٹ ایسوسی ایشن نے بھی انتھک محنت کی۔