پشاور دھماکا پاکستان کا امن غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے ، علما مشائخ

299

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ملک بھر کے علما مشائخ کی نمائندہ تنظیم علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان نے پشاور قصہ خوانی بازار دھماکے کی مذمت اور انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں 3روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، قصہ خوانی بازار کوچہ رسالدار میں واقع جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 57 سے زائدنمازیوں کی شہادت اور 50 سے زائد افراد کے زخمی ہونے پر ملک بھر کے علما مشائخ کا کہنا ہے کہ دھماکا پاکستان کے امن اور معیشت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے۔ دہشت گردوں نے معصوم نمازیوں کو نشانہ بنا کر انسانیت پر حملہ کیاجس کی جتنی مذمت کی جا ئے کم ہے۔ملک بھر کے علما مشائخ کی نمائندہ تنظیم علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزادہ احمدعمران نقشبندی مرشدی نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں،مسجد میں نمازیوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابلِ مذمت فعل ہے جبکہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پوری قوم متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام اور سیکورٹی فورسز نے پاکستان میں امن کے لیے جو قربانیاں دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی سنگین ہوتی صورتحال لمحہ فکریہ ہے،نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی عملدر آمد نہ ہونے کے باعث وطن عزیز میں ملک دشمن قوتیں ایک بار پھر سر اُٹھا رہی ہیں، دہشت گرد ملک اور قوم کے لیے ناسور ہیں ان کو کچلنا ہوگا۔ دہشت گردی کا یہ واقعہ امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے۔ مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے، عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے۔ دہشت گردی میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت دہشت گردی میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتار کرے، زخمیوں کو علاج و معالجے کی بہتر سہولیات مہیا کی جائیں۔اور حکومت شہداء ورثاء کے لیے فوری فی کس 50لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کرے۔