وزیراعظم چارروز میں استعفی دیں اور اسمبلیاں توڑ کر مقابلہ کریں، بلاول بھٹو

367
وزیراعظم چارروز میں استعفی دیں اور اسمبلیاں توڑ کر مقابلہ کریں، بلاول بھٹو

خانیوال: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان چارروز میں استعفی دیں اور اسمبلیاں توڑ کر ان کا مقابلہ کریں ورنہ وہ اسلام آباد پہنچ کر ان سے حساب لیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ رواں دواں ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خانیوال اور میاں چنوں میں اپنے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اور کہا کہ عوام وزیراعظم سے استعفی لینے کے لیے آرہے ہیں۔ میاں چنوں میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹونے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت خوفزدہ ہے عوام کی طاقت دیکھ کر ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیالوں کے دو روزکی محنت سے کٹھ پتلی عوام کے سامنے جھک گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں، حالت یہ ہے کہ لوگ اپنے بزرگوں کے لیے دوائی نہیں خرید سکتےاور یہ کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وزیراعظم کو گھبرانا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے عوام حکومت سے حساب لینے کے لیے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہماری بات نہ مانی تو عوام اسلام آباد آرہے ہیں۔قبل ازیںخانیوال میں لانگ مارچ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے کہا کہ عوام کی طاقت دیکھ کراس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، بنی گالہ سے چیخیں آرہی ہیں، تین سال سے کہہ رہا تھا دنیا بھرمیں مہنگائی ہو رہی ہے، ہردوسرے ہفتے10سے12روپے پٹرول کی قیمتیں بڑھاتا رہا، جیالوں کی محنت کے بعد کٹھ پتلی جھک گیا، پٹرول کی قیمتوں میں 10روپے کمی جیالوں کی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی خوفزدہ اورڈرپوک ہے۔ یہ سلیکٹڈ کی بھول تھی، جیالے کل اور آج بھی جیالے موجود ہے، پیپلزپارٹی نے جنرل ضیا، جنرل مشرف کا مقابلہ کیا تم تو ایک کٹھ پتلی سلیکٹڈ ہو۔ شرکا سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ کا کوئی مستقبل نہیں اس نے تولندن بھاگنا ہے، ہمارا تومرنا جینا عوام کے ساتھ ہے۔پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ آصفہ بی بی بہت بہادر ہے، آگے سفر میں ہمارے ساتھ ہو گی، زخمی ہونے کے باوجود آصفہ نے کہا اسٹیچنگ رہنے دیں پٹی کریں، میں نے اوپر کینیٹنرمیں جانا ہے، پتا نہیں جان بوجھ کریا غلطی سے آصفہ کوڈرون کیمرہ سرپرلگا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید بی بی کے حکومت میں کسانوں کوپورا معاوضہ ملتا تھا، جھوٹے آدمی نے کسانوں کا معاشی قتل کیا، یوریا کا بحران پیدا کرکے کسانوں کا معاشی قتل کیا جاتا ہے، پانی کی تقسیم میں ناانصافی کی وجہ سے کسان کا معاشی قتل کیا جاتا ہے۔ کسانوں کواصل قیمت نہیں مل رہی۔ کیا خانیوال کے لوگ حساب لینے کے لئے میرے ساتھ اسلام آباد چلیں گے۔

عوامی مارچ کے چھٹے روز کا ملتان سے آغاز ہوا جو ساہیوال پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے جگہ جگہ اپنے قائد کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔۔