علی امین گنڈاپور کی پشاور بم دھماکے کی شدید مذمت 

235
 علی امین گنڈاپور کی پشاور بم دھماکے کی شدید مذمت 

اسلام آباد: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے پشاور میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کے اس المناک واقعے میں شہید و زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں امن کی فضا کو ڈی ریل کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں جس کو پاکستان کی حکومت اور عوام کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیکورٹی ادارے ملک کے طول و عرض میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا انتخاب اُس وقت کیا ہے جب پاکستان میں کرکٹ کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ دشمن کی اس نا پاک کوشش کو ہر صورت میں ناکام بنایا جائے گا، وفاقی وزیر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان میں امن و امان حکومت کی اولین ترجیج ہے اور امن و امان کی صورتحال کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔