میرپورخاص(نمائندہ جسارت) محکمہ کسٹم نے ایک چھاپے کے دوران دو سو لیٹر ایرانی پکانے تیل برآمد کر کے کسٹم آفس منتقل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے پولیس نے آئل برآمد کیا اور جوڑ توڑ کے بعد کسٹم حکام کو اطلاع دے کر چھاپا لگوایا۔ تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام نے میرپورخاص کے علاقے بھانسنگھ آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ریحان نامی شخص کے گھر سے دوسو لیٹر ایرانی کوکنگ آئل برآمد کر کے کسٹم دفتر منتقل کردیا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ ٹائون تھانے کے ایس ایچ او غازی خان راجڑ نے بھانسنگھ آباد کے رہائشی ریحان کے گھر چھاپا مار کر ایرانی کوکنگ آئل کے 20 کین برآمد کر کے موبائل میں تھانے منتقل کیا اور جوڑ توڑ کرنے کے بعد اسے چھوڑ دیا اور ساتھ ہی کسٹم حکام کو بھی مطلع کر دیا جس کے بعد کسٹم حکام نے کوکنگ آئل کو اپنی تحویل میں لے کر کسٹم آفس منتقل کر دیا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔