بلاول کی وزیراعظم کو استعفے کیلیے 5 دن کی مہلت

91
بہاولپور:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری لانگ مارچ کے شرکاءسے خطاب کررہے ہیں

احمد پور شرقیہ‘بیلہ‘اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک +آن لائن+صباح نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو مستعفی ہونے کے لیے 5 دن کی مہلت دے دی۔ بلاول زرداری نے بہاول پور کی تحصیل احمد پور شرقیہ اور بیلہ میں لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے کہتے ہیں کہ 5روز کے اندر خود مستعفی ہوجائیں، عوام ساتھ ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت راستہ نہیں روک سکتی، عوام ہمارا ساتھ دیں ، ساہیوال پہنچنے سے پہلے خوشخبری آئے گی۔بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے کہتے ہیں کہ 5روز کے اندر خود مستعفی ہوجائیں، عمران خان اسمبلی توڑواور ہمارا مقابلہ کرو، اگر آپ خود مستعفی نہ ہوئے تو ہم اسلام آباد آکر آپ کا بندوبست کریں گے،عدم اعتماد لائیں گے اور آپ کو ہٹا کر رہیں گے، 5ر و ز بعد ہمارے نمبر پورے ہو چکے ہوں گے، ایوان میں ہر ایم این اے عدم اعتماد میں ہمارے ساتھ ہے۔ بلاول نے مزید کہا کہ ہم نالائق ،ناجائز حکومت کو ہٹانے کے لیے نکلے ہیں،اسلام آباد میں کٹھ پتلی سے ٹکرائیں گے،اپوزیشن جماعتوں کوعدم اعتماد پر ساتھ دینا چاہیے، حکومتی اتحادیوں کو بھی کٹھ پتلی کا ساتھ نہیں دینا چاہیے،پاکستان کے عوام بھی کٹھ پتلی کے ساتھ نہیں ہیں۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ (ق) لیگ مفت ووٹ نہیں دے گی،انہیں بڑی پیشکش کرنا پڑے گی ، یوسف رضاگیلانی کا الیکشن ٹریلر تھا،وزیراعظم کو عدم اعتماد میں ایسے ہی شکست دیں گے ۔