لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ نے شکارپور ضلع کے کچے کے علاقے میں جونیجا کلہوڑا برادری کے درمیان جاری پرانی دشمنی پر حملے میں جانیں ضائع ہونے کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی شکارپور سے فون پر رابطہ کرکے انہیں ہدایت کی کہ کچے کے علاقے میں مزید نفری تعینات کرکے حالات پر کنٹرول کیا جائے، ڈی آئی جی نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد اور سماجی دشمن عناصر کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ایسے عناصر کو آہنی ہاتھوں سے کچلا جائے گا۔ نوڈیرو شہر کے قریب بائی پاس روڈ پر روڈ کراس کرتے ہوئے تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹکر سے گڑھی خدابخش بھٹو کے رہائشی نوجوان سجاد بھٹو اور آصف بھٹو شدید زخمی ہوئے جنہیں ورثا کی جانب سے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کردیا جہاں دوران علاج نوجوان سجاد علی بھٹو دم توڑگیا جبکہ زخمی کو طبی امداد دی گئی۔ اس موقع پر متوفی کے ورثا نے بتایا کہ ہمارے نوجوان کام کے سلسلے میں روڈ کراس کررہے تھے کہ راستے میں تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹکر کے نتیجے میں حادثہ ہوا جس میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا ہے، دوسری جانب متوفی کی نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ لاڑکانہ پولیس نے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔رحمت پور پولیس نے پیر مراد شاہ کے قریب جرائم کے ارادے سے کھڑے مسلح ملزمان سے مقابلے میں ایک ڈکیت کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا جس کی شناخت شناخت گاؤں سمائی انڑ کے رہائشی برکت انڑ ولد غلام حیدر انڑ کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دیگر ملزمان فرار ہوگئے، دوسری جانب سرکار کی جانب سے ہیڈ کانسٹیبل علی محمد شاہانی کی مدعیت میں گرفتار اور فرار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیے گئے ہیں، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ایس ایس پی لاڑکانہ سرفراز نواز نے بہترین کارکردگی پر ایس ایچ او رحمت پور سب انسپکٹر علی حسن مغیری اور متعلقہ پولیس اسٹاف کے لیے انعامات و اعزازات کے احکامات جاری کردیے ہیں۔