سکھر( نمائندہ جسارت) اسلامی جمعیت طلبہ سکھر کا مرکزی اجتماع کارکنان منعقد ہوا، اجتماع میں شہر بھر سے کارکنان جمعیت نے شرکت کی۔اس موقع پرناظم جمعیت سکھر مقام برادر اسماعیل مغل نے علاقہ جات اور حلقہ جات کے نومنتخب ناظمین سے حلف نظامت لیا،ناظم مقام برادر اسماعیل مغل نے کارکنان جمعیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعے رضائے الہی کا حصول اسلامی جمعیت طلبہ کا نصب العین ہے، کارکنان جمعیت اسی نصب العین کی تکمیل و حصول کیلیے طلبہ کی فیلڈ میں کوشاں ہیں،اسلامی جمعیت طلبہ، طالب علموں کو جمعیت کے پلیٹ فارم پر جمع کر کے ان کی سیرت و اخلاق کردار سازی کیلیے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے نبی ﷺ کی دعوت کو عام کرنے کی ضرورت ہے ،اسی پیغام اور جذبہ کے ساتھ کارکنان رواں سال زیادہ سے زیادہ طلبہ تک جمعیت کی دعوت کو پہنچائیں۔تقریب کا اختتام ناظم مقام نے دعا کرواکر کیا۔ناظم نشر و اشاعت اسلامی جمعیت طلبہ سکھر رانا طلحہ کے مطابق سیشن 2022-23ء کے لیے ناظم علاقہ سکھر شعیب لاشاری، ناظم علاقہ روہڑی فائق علی،ناظم کالجز صہیب شیخ، ناظم اسلامیہ کالج سیف اللہ تنیو، ناظم حلقہ پرانا سکھر فہیم انصاری، ناظم لوکل بورڈ طلحہ رانا، ناظم غریب آباد سلمان، ناظم نیوپنڈ عبدالغفور، ناظم حلقہ گلشن اقبال عطا اللہ تنیو، ناظم حلقہ میانی روڈ حمادالرحمن، ناظم حلقہ نیویارڈ نعمان بھائی ہوں گے،صدر بزم ساتھی سکھر مقام کیلیے برادر دھنی بخش کو مقرر کیا گیا ہے۔