خیرپور،بدین (نمائندگان جسارت) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے دو دن کے عوامی مارچ سے وزیراعظم گھبرا گیا، پیٹرول10 اور بجلی5 روپے سستی کردی، سوچو! اسلام آباد پہنچنے کے بعد پٹرول اور بجلی کی قیمت کتنی کم ہوسکتی ہے؟ ہمیں آئی ایم ایف حکومت قبول نہیں،ہم اسلام آباد آ رہے ہیں، حساب کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے خیرپور میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک مشکل میں ہے، معاشی بحران ہے ہر شخص پریشان ہے، خیرپور پیپلزپارٹی کا ہے، ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا، میں جانتا ہوں عوام مجھے مایوس نہیں کرے گی، آج نوجوان بیروزگار گھوم رہے ہیں کیا ایسا نیا پاکستان پسند ہے؟ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے پیپلز پارٹی ہمیشہ عام آدمی کی آواز بنی ہے،دریں اثناء پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ تاریخی اور کامیاب عوامی مارچ کا آغاز سلیکٹڈ حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے ،تحریک عدم اعتماد سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ کا باعث بنے گی۔بلاول زرداری نے بدین کی تحصیل ماتلی کے قصبہ کپری موری کے مقام پر ہالیپوٹہ ہاؤس پر لانگ مارچ کے دوسرے روز روانگی سے قبل میزبان علی اصغر ہالیپوٹہ اور عبدالحق ہالیپوٹہَ کے ساتھ مقامی صحافیوں سے مختصر گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے جس عوامی مارچ کا آغاز کیا ہے اس کے پہلے روز کراچی سے بدین تک جس طرح عوام کے سمندر نے جوش اور جزبہ کے ساتھ مارچ کا استقبال اور عوامی مارچ کا حصہ بن رہے ہیں یہ ہی سلیکٹڈ کے خلاف عوام کا عدم اعتماد اور اعلان جنگ ہے۔ بلاول نے کہا پارلیمنٹ میں سلیکٹڈ کو شکست دیں گے ،ہماری یہ جمہوری جدوجہد سلیکٹڈ کے خاتمہ کا باعث بنے گی۔ بلاول نے کہا تحریک عدم اعتماد میں عوام کو یہ بھی پتا چل جائے گا کہ کون پاکستان اور عوام کے ساتھ ہے اور کون سلیکٹڈ کے ساتھ ہے