سکھر دھرنا : پی پی بوکھلا گئی ، جماعت اسلامی کے جھنڈے اور بینر اتاردیے

222

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے جیالوں نے سکھر میں 4مارچ کو ہونے والے جماعت اسلامی کے دھرنے کے سلسلے میں شہر بھر میں لگائے گئے جماعت اسلامی کے جھنڈے اور بینر ز اتاردیے ۔ جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی، علامہ حزب اللہ جکھرو، سکھر کے ضلعی امیر سلطان لاشاری اور مقامی امیر زبیر حفیظ شیخ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ 4مارچ کو سکھر میں جماعت اسلامی کا دھرنا وفاق اور سندھ کے ظالم حکمرانوں سے نجات کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا، سکھر میں پیپلزپارٹی کی جانب سے جماعت اسلامی کے وجھنڈے اور بینرز اتارنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ سندھ کے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں، جماعت اسلامی کے کارکنان ایسے فسطائی ہتھکنڈوں سے جھکنے والے نہیں۔واضح رہے کہ 28فروری کو جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی،علامہ حزب اللہ جکھرو اور ضلعی امیر سلطان لاشاری ایس ایس پی سنگھار ملک سے ملاقات کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ تھا اور دھرنے کے لیے حفاظتی اقدامات کی گزارش کی تھی لیکن اس کے باوجود پیپلزپارٹی کے جیالوں نے جماعت اسلامی کے بینرز اور جھنڈے اتارکر آمریت کا ثبوت دیا ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اور پولیس ایسے غنڈہ عناصر کیخلاف فی الفور کارروائی کرے تاکہ شہر کے ماحول کو پرامن رکھاجاسکے ۔