جماعت اسلامی آزادکشمیر نے گلگت بلتستان آئینی صوبہ بل مسترد کردیا

182

اسلام آباد(صبا ح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو آئینی صوبے کا درجہ دینا ریاست جموں وکشمیر کی وحدت پر وار ہے، کشمیری اس کو مسترد کرتے ہیں،گلگت بلتستان کے عوام کوآزادکشمیر طرز کا باوقار اور با اختیار نظام حکومت فراہم کیا جائے،صوبائی اسٹیٹس اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی اور پاکستان کے دیرینہ موقف کی نفی ہے، ایسا اقدام تقسیم کشمیر کی سازش ہے، جماعت اسلامی اس کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور مقبوضہ جموں وکشمیر ریاست جموں وکشمیر کی اکائیاں ہیں، کشمیریوں کی مرضی کے خلاف کوئی بھی ایسا حل شہدا کے خون سے غداری ہے، اس سے بھارت کے 5اگست2019ء کے اقدامات کو جواز فراہم ہو گا اگر کوئی بھی حل کشمیریوں پر مسلط کرنے کی کوشش کی گئی توجماعت اسلامی اس کے خلاف بھرپورمزاحمت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے اقدام سے گریز کرے، کشمیری پاکستان کی تکمیل بقا اور سلامتی کی جنگ لڑرہے ہیں، شہ رگ کو دشمن کے قبضے سے چھڑانے کے بجائے تقسیم کشمیر کی راہ ہموار کرنا ریاست پاکستان کی نظریاتی بنیادکے خلاف سازش ہے، ایسے کوئی بھی اقدام کشمیریوں کے دلوں میں پاکستان سے والہانہ محبت کمزور کرنے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے آزادی کے لیے 5لاکھ شہدا پیش کیے، وہ وحدت کشمیر حق خودارادیت سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔