شاہ محمود قریشی کاپولش ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

233

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے پولش ہم منصب زبگنیف ریو کے مابین یوکرین سے پاکستانی طلبہ کے انخلا کے حوالے سے ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ پولینڈ کے وزیر خارجہ نے انخلا کے عمل میں پولینڈ کی طرف سے مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔یوکرین سے اب تک 606پاکستانیوں کو بحفاظت نکال کر پولینڈ پہنچایا جا چکا ہے۔پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاک پولینڈ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان کے پولینڈ کیساتھ قریبی تعلقات ہیں اور ہم باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں ان تعلقات کو مزید بڑھانے کیلیے پرعزم ہیں۔ یوکرین کی صورتحال پر شاہ محمود نے پاکستان کے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور پاکستان کے اس نکتہ نظر کو اجاگر کیا کہ تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہیے۔انہوںنے کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارت کاری پر پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ شاہ محمودنے یوکرین سے نکالے جانیوالے پاکستانی طلبہ اور کمیونٹی کی وصولی پر پولینڈ کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ پاکستان اس مشکل دور میں پولینڈ کی حکومت کی جانب سے مسلسل امداد کا منتظر ہے۔