اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ترکی کے نائب وزیرداخلہ اسماعیل گتاکلی نے وفدکے ساتھ ملاقات کی ۔ملاقات میں پاک ترکی دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی امور ،علاقائی سیکورٹی صورت حال، غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ترک نائب وزیر داخلہ نے شیخ رشید کے لیے ترک ہم منصب کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں ترک محکمہ امیگریشن کے چیئرمین ساوس انلواور ترک سفیر مصطفے احسان یرداکل شامل تھے۔سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، ایڈیشنل سیکرٹری فخر عالم اور چیئرمین نادرا طارق ملک بھی ملاقات میں موجود تھے۔پیر کو ہونیوالی اس ملاقات میں پاک ترکی داخلہ وزارتوں کے درمیان تعاون اور اشتراک بڑھانے پراتفاق ہوا۔ شیخ رشید نے کہاکہ پاکستان اور ترکی بہترین دوست ممالک ہیں۔ تعلقات انتہائی دیرینہ ہیںاورغیر قانونی امیگریشن اورانسانی اسمگلنگ کی روک تھام دونوں ملکوں کا مشترکہ ہدف ہے،پاکستان اور ترکی کی داخلہ وزارتوں کے درمیان اشتراک بڑھانے کی ضرورت ہے،پاک ترکی داخلہ وزارتوں کے درمیان بہتر روابط سے غیرقانونی امیگریشن کوروکا جاسکتا،غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کررہے ہیں۔قبل ازیں ترک نائب وزیر داخلہ اسماعیل گتاکلی4 رکنی وفد کیساتھ پیر کوایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے۔