سندھ ہائی کورٹ کا کراچی میں 5منزلہ غیر قانونی عمارت گرانے کا حکم

419
سندھ ہائیکورٹ نے کوٹہ سسٹم کے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا

کراچی :سندھ ہائی کورٹ نے گزری کے علاقے میں 5 منزلہ غیر قانونی عمارت کو مسمار کرنے کا حکم جاری کر دیا ۔

جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو گزری کے علاقے میں 5 منزلہ غیر قانونی عمارت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر عدالت ایس بی سی اے حکام پر برہم ہوگئی۔

دوران سماعت عدالت نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ایس بی سی اے حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ غیر قانونی تعمیرات توڑنے میں کوئی خطرہ ہے؟

جسٹس حسن اظہر نے پوچھا کہ گراؤنڈ پلس ٹو بنانے کی اجازت تھی، 5 منزلہ عمارت کیسے بن گئی؟ عمارت کی چھت پر پینٹ ہاؤس بھی بنایا گیا ہے،آپ لوگ کارروائی کرتے کیوں نہیں؟

انسپکٹر ایس بی سی اے نے کہا کہ میرا ساؤتھ زون میں ابھی تبادلہ ہوا ہے، جس پر عدالت نے پوچھا کہ اس پہلے کہاں تھے؟ انسپکٹر ایس بی سی اے نے بتایا کہ اس سے قبل میں ڈسٹرکٹ سینٹرل میں تعینات تھا۔

عدالت نے تنبیہہ کی کہ غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی کریں ورنہ آپ کیخلاف کارروائی ہوجائے گی۔ عدالت نے گزری کے علاقے میں 5 منزلہ غیر قانونی عمارت کو مسمار کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ایس بی سی اے کو پلاٹ نمبر 467 اور 467-A مسمار کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے عمارت میں لگے بجلی، پانی اور گیس کے کنکشن منقطع کرنے کا بھی حکم دے دیا اور سب رجسٹرار کو عمارت میں سب لیز دینے سے روک دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب تک بلڈنگ کا کمپلیشن سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جاتا کسی کو سب لیز نہ دی جائے۔