اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) تحریک انصاف کے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے ریحام خان کو اپنے خلاف مبینہ طور پر جاری پروپیگنڈا اور بہتان تراشی پر قانونی نوٹس بھیجوا دیا ہے۔ مراد سعید نے قانونی نوٹس میں موقف اختیار کیا کہ میری وزارت نے 100 فیصد اہداف حاصل کرکے پہلا نمبرلیا لیکن آپ نے ایک مسودے سے اس کارکردگی کو متنازع بنایا جس سے نا صرف ان کی ہتک ہوئی بلکہ وزارت سے منسلک اہلکاروں کی بھی حوصلہ شکنی ہوئی کیونکہ کامیابیوں کو متنازع بنانے کے لیے آپ کی تحریرسے بہتان تراشی کی گئی۔قانونی نوٹس میں ریحام خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپ کے نام سے پہلے بھی ایک مسودہ لیک ہوا جس کی آج تک آپ نے تردید نہیں کی، اس شائع کردہ مسودہ کا حوالہ دے کر بھی مراد سعید پر تہمت لگائی گئی لہٰذا آپ 14 روز میں اپنی اس تحریر کی وضاحت کرکے معافی مانگیں بصورت دیگر قانونی کارروائی کے لیے تیار ہو جائیں، عدالت سے بھی سخت سزا اور 1 ارب روپے ہرجانے کی استدعا کروں گا۔