اپوزیشن نے عدم اعتماد کو کھیل سمجھ رکھا ہے ، شیخ رشید

238
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کررہے ہیں

لاہور (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہفتے کو لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے اپوزیشن کی انتشار کی سیاست کی مذمت کرتے ہوئے اپوزیشن کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاست میں منفی رویے ملک کے لیے نقصان دہ ہیں‘ اپوزیشن صرف اقتدار کی خاطر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے‘تحریکعدم اعتماد کی باتوں میں شکست خوردہ اپوزیشن کی طرح کوئی جان نہیں‘ جنہیں شوق ہے وہ تحریک عدم اعتماد لے آئیں‘ گھبرانے والے نہیں‘اپوزیشن کو علم ہے کہ حکومت کو نمبر گیم میں سبقت ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ لوگ عدم اعتماد کی باتیں صرف اپنا دل بہلانے کے لیے کر رہے ہیں، اپوزیشن کے ناعاقبت اندیش عناصر نے عدم اعتماد کو کھیل سمجھ رکھا ہے‘ نازک حالات میں منفی سیاست کرنے والوں کوہوش کے ناخن لینے چاہئیں‘ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفاقی وزیر داخلہ کو گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار گرلز راولپنڈی کے لیے 100 ملین روپے کے فنڈز کے اجرا کا لیٹر دیا۔ شیخ رشید نے فنڈز کے اجرا پر وزیر اعلی عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔