لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) جماعت اہلسنّت پاکستان کی جانب سے یارسول اللہ کانفرنس میونسپل اسٹیڈیم میں آج منعقد کی جائے گی جس کی صدارت پیر خالد سلطان قادری سجادہ نشین درگاہ حق بایو کریں گے جبکہ کانفرنس میں پیر سید محمد سردار علی شاہ جیلانی قادری درگاہ دیھ سوھو، امیر جماعت اہلسنّت پاکستان پیر سید مظہر سعید کاظمی، علامہ شاہ عبدالحق قادری کراچی، علامہ کوکب نورانی کراچی، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ انجینئر ثروت اعجاز قادری، سنی تحریک کے سربراہ مولانا محمد بلال سلیم قادری، سابق وفاقی وزیر سید حامد سعید کاظمی، مفتی حق نبی سکندری الازہری، علامہ حامد رضا، حمزہ مصطفائی، ڈاکٹر ابو الاخیر زبیر، پیر غلام رضوانی، مفتی محمد ابراہیم قادری سکھر، سید حبیب احمد شاہ کوئٹہ، پیر عبدالغفار جان نقشبندی درگاہ پیر مٹھا سائیں، میاں منظور احمد مشوری درگاہ مشوری شریف، محمد مصطفی شاہ راشدی، حافظ علی اکبر قاسمی، مولانا اکرم سعیدی، علامہ مولانا عبید اللہ ڈاھری، مفتی شفیق احمد قادری شکار پور سمیت دیگر ملک کی نامور درگاہوں کے پیر اور لاکھوں عاشقان رسول شرکت کریں گے۔ اسی سلسلے میں 4 ڈی ایس پیز، 15 ایس ایچ اوز، ایک ہزار پولیس اہلکار سمیت رینجرز کے جوان اور جماعت اہلسنّت کے رضا کار تعینات کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں پیر سید گل احمد شاہ جیلانی پیر حیات سلطان قادری، سید عبدالقادر شاہ جیلانی غلام مجتبٰی شاہ جیلانی، حافظ در محمد سھڑو، اسرار احمد سلطانی، حافظ نظام الدین سلطانی، گلزار علی سانگی، منیر احمد بروہی نے بتایا کہ یارسول اللہ کانفرنس میں 10 سے 12 لاکھ عاشقان رسول کے بیٹھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں، کانفرنس میں سندھ، پنجاب، بلوچستان سے لاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول شرکت فرمائیں گے۔ کانفرنس کا مقصد پوری امت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے،مسلمان متحد، منظم یکجہتی کے ساتھ رہیں گے تو اسلام دشمن عناصر مسلمانوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے ہیں۔