میرپورخاص (نمائندہ جسارت) تحریک انصاف ڈویژن میرپورخاص کے صدر سید ممتاز علی شاہ کی رہائش گاہ سید ہائوس میں میٹنگ کا انعقاد سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی پاکستان کے مرکزی رہنما اور وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی غوثیہ جماعت کے روحانی پیشوا کی قیادت میں شاندار ریلی نکالی جائے گی جس میں سندھ حکومت کے کالے کرتوت کو بے نقاب کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کی دیگر مرکزی قیادت بھی شریک ہوگی جبکہ پی ٹی آئی سندھ کی پوری قیادت علی حیدر زیدی وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر کی قیادت ریلی میں شریک ہوگی۔مشاورتی میٹنگ میں قائدین کے استقبال کو شایان شان طریقہ سے منانے کے لیے تجاویز اور رائے تمام کارکنوں سابق عہدیداروں اور غوثیہ جماعت کے اکابرین سے لی گئیں۔تجاویز کی روشنی میں 2 مارچ کی سندھ بچائو ریلی کا پروگرام طے کیا گیا، شہر کو پی ٹی آئی کے بینرز اور جھنڈوں سے سجایا جائے گا۔جگہ جگہ بینرز پر مرکزی اور صوبائی قیادت کے لیے استقبالیہ نعرے درج ہوں گے۔ مرکزی اور صوبائی قیادت کو شاندار انداز میں ریلی کی صورت میں ریلوے اسٹیشن چوک پر لایا جائے گا، جہاں عوام اور پی ٹی آئی ورکرز عہدیداروں کے اجتماع عام سے ولولہ انگیز خطاب فرمائیں گے۔