افریقا ، ایشیا اوریورپ ایرانی ہیکروں کے نشانے پر ہیں ، امریکا

586

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ ایران سے چلائی جانے والی سائبر مہم کے ذریعے ایشیا، افریقا، یورپ اور شمالی امریکا کے سرکاری اور نجے اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سائبر سکیورٹی ایڈوائزری (سی ایس اے) کی رپورٹ کے مطابق مڈی واٹرز نامی ایرانی سائبر گروہ مختلف ممالک میں مواصلات، دفاع، تیل و گیس اور دیگر شعبوں کی تاک میں ہے۔ سی ایس اے نے اس سلسلے میں باضابطہ نوٹس جاری کیا ہے۔یہ ایڈوائزری اس لحاظ سے بہت اہم ہے کہ اسے ایف بی آئی اور سائبر سکورٹی اینڈ انفرااسٹرکچر سیکورٹی ایجنسی(سی آئی ایس اے) نے یوایس سائبر کمانڈ سائبر نیشنل مشن فورس اور برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکورٹی کے ساتھ مشترکہ طور پر جاری کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی انٹیلی جنس او سیکورٹی (ایم او آئی ایس) 2018 ء سے بڑے پیمانے پر سائبر مہم چلارہی ہے۔ مڈی واٹرز کے ہیکر چوری کیا گیا ڈیٹا فراہم کرتے ہیں۔ ان کی رسائی ایرانی حکومت تک ہے اور وہ دیگر سائبر حملہ آوروں کی بھی مدد کرتے ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے امریکا کے الزامات کی تردید کی ہے۔ایرانی مشن کے ترجمان نے کہاکہ الزامات ایران کے خلاف جاری نفسیاتی جنگ کا حصہ ہیں ۔