کوئٹہ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید

87

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت پولیس کے دو اہلکار شہید ہوگئے۔ کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس فدا حسین شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا
کہ شہر کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس میں نامعلوم افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی اور اس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور ڈرائیور زخمی ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ شہید اہلکاروں میں سے ایک اے ایس آئی اور دوسرا کانسٹیبل تھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور فائرنگ کا نشانہ بننے والے پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ پولیس کی وین پر فائرنگ کی گئی تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج سے واضح ہوا کہ مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ مقامی ہوٹل میں کھانے کے لیے بیٹھے ہوئے تھے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیان میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی اور دہشت گردی کے واقعے میں جوانوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ تخریبی عناصر صوبے میں امن خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن امن و امان کی صورت حال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام اپنی پولیس اور سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔