سندھ کے پسے ہوئے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے،شاہ محمود

144

اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اور سندھ کے عوام کو حقوق کی فراہمی کےلیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کےلیے پر عزم ہے ۔ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سندھ ا مور ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ دوران ملاقات “سندھ
حقوق مارچ” کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے “سندھ حقوق مارچ” کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی کو مفصل بریفنگ دی ۔ وزیر خارجہ نے سندھ حقوق مارچ کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے پسے ہوئے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف سندھ کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اور سندھ کے عوام کو حقوق کی فراہمی کےلیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کو پر عزم ہے۔