آسٹریلیا سے سیریز، قومی ٹیسٹ کرکٹرز کی تیاریاں عروج پر

336

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا سے سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ کرکٹرز کی تیاریوں میں تیزی آ گئی۔نیشنل اسٹیڈیم میں جاری تربیتی کیمپ میں گزشتہ روز باہمی میچ کا انعقاد ہوا، بولرز اور بیٹرز کو مختلف اہداف دیے گئے، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی زیرنگرانی کھلاڑیوں نے صلاحیتوں میں نکھار کیلیے کاوشیں جاری رکھیں، بعد ازاں کرکٹرز نے جم میں جسمانی ورزشیں کیں۔سیریز کیلیے 16 رکنی قومی اسکواڈ میں شامل 6 کھلاڑی اظہرعلی، فواد عالم، امام الحق، نعمان علی، ساجد خان اور سعود شکیل تربیتی کیمپ میں شریک ہیں،دیگر پی ایس ایل 7 میں مصروفیت کی وجہ سے حصہ نہیں بن سکے ، 5 ریزرو میں سے 2 کرکٹرز یاسرشاہ اورمحمد عباس کیمپ میں شامل ہیں، اضافی کھلاڑیوں عالیان محمود، احمد بشیر، علی عثمان، ارشد اللہ، حسیب اللہ ، محمد علی، رضا المصطفی اور تاج ولی بھی معاونت کر رہے ہیں۔فاسٹ بولر عرفان اللہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث رپورٹ نہیں کر سکے تھے،ان کی جگہ قومی انڈر 19 فاسٹ بولر محمد ذیشان موجود ہیں، بدھ کو کیمپ کےآخری دن دوپہر میں پریکٹس سیشن ہوا۔، پی سی بی کے مطابق اسلام اآباد پہنچنے والے قومی کرکٹرزاور پی ایس ایل7 سے فارغ ہونے والے کھلاڑیوں نے بھی سہ روزہ روز آئسولیشن میں رہنے کے بعد ٹریننگ کا آغاز کر دیا ۔