عوام بلاول کی جھوٹی باتوں میں نہیں آئینگے، علی زیدی

395

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ گھوٹکی تا کراچی سندھ حقوق مارچ در اصل سندھ کے عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد ہے۔ پارٹی سیکرٹریٹ انصاف ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ 26فروری کو بلاول کو بتائیں گے کہ مارچ کیسے کیا جاتا ہے۔ سندھ کے عوام بلاول زرداری اور پی پی قیادت کی جھوٹی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ سندھ سے زرداری مافیا کے خاتمے تک سندھ کی ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ 26فروری کو سندھ کے عوام بڑی تعداد میں اپنے حقوق کی خاطر گھروں سے نکل کر پی ٹی آئی کے مارچ میں شامل ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے وسائل کو لوٹ کر کھانے والوں کا خاتمہ قریب ہے۔ زرداری مافیا کی کرپشن اور لوٹ مار کی بدولت آج سندھ دیگر صوبوں سے ترقی میں پیچھے رہ گیا ہے، پی ٹی آئی 2023ء میں سندھ میں حکومت بنائے گی۔ 26 فروری کو شروع ہونے والا گھوٹکی تا کراچی سندھ حقوق مارچ صوبے کے حکمرانوں کے ایوانوں میں ہلچل مچا دے گا۔