سکھر (نمائندہ جسارت) جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سماجی تنظیموں کا مہنگائی ، کرپشن اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پلٹوں میں بجری ، پتھر ، ریت رکھ کر انوکھا احتجاجی مظاہرہ ، حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف نعریبازی ، چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سرکاری اداروں میں کرپشن ، حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سکھر کی سماجی تنظیموں کا جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کے زیر اہتمام جناح چوک پر احتجاجی مظاہرہ ہوا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔مظاہرے میں شامل افراد نے ہاتھوں میں تحریری پلے کارڈ جبکہ بچوں نے ہاتھوں میں مہنگائی کے خلاف پلٹوں میں مٹی اور پتھر اٹھا رکھے تھے مظاہرے کی قیادت جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کے صدر اصلاح الدین شیخ کر رہے تھے جبکہ دیگر رہنمائوں میں ملک اشفاق ، توفیق بندھانی ، نعیم الدین شیخ محمد شاہد بندھانی ، عمران شیخ و دیگر شامل تھے ۔مظاہرے سے خطاب کے دوران اصلاح الدین شیخ و دیگر کا کہنا تھا کہ ملک میں غربت ، مہنگائی اور کرپشن جیسے خطرناک مسائل کی جڑ حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں،مہنگائی کے سونامی نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ،حکومت کرپشن اور غربت کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، ملک کے کرپٹ سیاستدان ، افسران اور بیورو کریٹس عیاشی کی زندگی بسر کر رہے ہیں ، ایسا لگتا ہے کہ حکومت کو عوام کے بنیادی مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ، ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے، کرپٹ سیاسی نمائندگان اور بیورو کریٹس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ،عوام مہنگائی ،بے روزگاری ،اسڑیٹ کرائم اور کرپشن کے ظلم کا شکاردکھائی دیتے ہیں لیکن افسوس ان مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے سرکاری اداروں میں جائز کاموں کیلیے رشوت وصول کی جا رہی ہے محکمہ کسٹم سکھر کا عملہ اسمگل ضبط شدہ اشیا مارکیٹ میں فروخت کر رہا ہے شکایات اور نشاندہی کے باوجود کارروائی نہ ہونا لمحہ فکر ہے۔ مذکورہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اگر حکومت پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلیے مہنگائی کر رہی ہے تو سب سے پہلے ملک کے سیاستدانوں اور بیورو کریٹ افسران کی تنخواہیں عام مزدور جتنی کی جائے ہمیں امید ہے پاکستان خود بخود بحرانوں سے نکل آئے گا، عوام کوان کی بنیادی سہولتیں مہیا کرناموجودہ حکومت کی ذمے داری میں شامل ہے ۔مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ، کرپشن کی روک تھام کیلیے اپنا کردار ادا کریں اور کرپشن میں ملوث سرکاری افسران و کرپٹ بیورو کریٹس کو فوری ہٹا کر ان کی جگہ ایماندار اور وطن عزیز سے مخلص افسران اور بیورو کریٹس تعینات کیے جائے تاکہ ملک ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہو سکے۔
سکھر،جناح وہلفیئر کا پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج
345