کوئٹہ(نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دو معصوم بہن بھائی کا گلا دبا کرقتل کردیا۔ لیویز نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ،بچے مویشی چرانے گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق تحصیل کردگاپ کے علاقے کردگاپ میں دونوں بہن بھائی گزشتہ روز اپنے مال مویشی چرانے کیلیے قریبی میدانوں میں گئے اور اچانک لاپتا ہوگئے، آج صبح ڈھونڈنے پر دونوں معصوم بچوں کی لاشیں ملیں ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر مستونگ میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی اسسٹنٹ کمشنر کردگاپ حبیب الرحمن لونی سمیت لیویز اہلکار موقع پر پہنچے۔ اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ڈپٹی کمشنر مستونگ میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر مستونگ عطا المنیم بلوچ نے لیویز فورس کے ہمراہ ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں کارروائی کرتے ہوئے معصوم بچوں کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ، لیویز حکام کے مطابق ملزمان معصوم بچوں کو قتل کرنے کے بعد 20 بھیڑبکریاں بھی لیکر فرار ہوگئے تھے ، ملزمان کو ڈھاڈر سے مستونگ منتقل کردیا گیا ہے ، اسپتال انتظامیہ کے مطابق مقتولین کی شناخت 7 سالہ اسرار اور 10 سالہ بی بی آمنہ کے نام سے ہوئی ہے ، لیویز نے مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔دوسری طرف مستونگ کے کردگاپ میں قتل ہونے والے بچوں کے ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے تحصیل آفس کے سامنے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ بلاک کردی۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ قتل میں ملوث گرفتار ملزمان کو ہمارے حوالے کیاجائے۔ احتجاج کے باعث قومی شاہراہ پر گاڑیوں ، بسوں اور ٹرکوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں ، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
کوئٹہ ،بھیڑ بکریاں چرانے والے 2 بچے قتل،ملزمان گرفتار
206