کراچی: سندھ اسمبلی میں تحاریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بہت جلد پورے سندھ کے عوام کو ہیلتھ کارڈ فراہم کریں گے۔
تھر میں انصاف صحت کارڈ کے اجراء پر خرم شیر زمان نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کا تھر میں صحت کارڈ کا اجرا تبدیلی کیلئے بڑھتا انقلابی قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تھر کے بچوں کو غضائی قلت سے مارنے کی ضد پکڑی ہوئی ہے، تھر میں صحت کارڈ غریبوں کیلئے ایک ہیلتھ لائسنس ثابت ہوگا۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ ہیلتھ لائسنس سے تھر کے لوگ کے پی پنجاب کی طرح پرائیویٹ اسپتال سے علاج کرواسکتے ہیں۔پارلیمانی لیڈر نے کہاکہ زرداری خاندان نے سندھ میں صحت کے نظام کو تباہ کیا، سندھ میں ہیلتھ کی سہولیات برائے نام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تھر کے لوگ آج عمران خان کو دل سے دعائیں دے رہے ہیں، عمران خان بہت جلد پورے سندھ کے عوام کو ہیلتھ کارڈ فراہم کریں گے، ہیلتھ کارڈ میں سندھ حکومت سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔