پی ایس ایل سے دستبرداری، شعیب اختر بھی فالکنر پر برس پڑے

409

لاہور:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آسٹریلوی کھلاڑی جیمز فالکنر کی جانب سے پی ایس ایل سے دستبرداری کے اعلان اور پی سی بی پر  الزامات پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی انھیں کھری کھری سنا دیں۔

شعیب اختر نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہوبارٹ(بگ بیش ٹیم ہوبارٹ ہیوریکینز)سے نکالے جانے کے باوجود آپ کو کھلایا اور اپنی ٹیم کا حصہ بنایا لیکن آپ نے بدتمیزی کی اور سب کچھ ضائع کردیا۔

شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آسٹریلیا سے درخواست کی اس معاملے کو ٹھنڈے انداز میں دیکھا جائے کیونکہ میرے لیے پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کا دورہ اہم ہے لہذا کوشش کی جائے کہ اس چھوٹے سے واقعے کے اثرات اس دورے پر نہ پڑیں اور تلخی نہ بڑھے۔سابق فاسٹ بولر نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ جیمز فالکنر کے احمقانہ رویے کا مناسب علاج ہونا چاہیے، ساتھ ہی پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا اس بات کو یقینی بنائے کہ دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان اچھے تعلقات برقرار رہیں کیونکہ کھیل سے زیادہ کوئی بڑا نہیں ہے۔