لندن(آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے مخالفین کیخلاف سارے اقدامات بغض وانتقام کا شاخسانہ ہیں، ایف آئی اے کو کسی مکروہ فعل کا حصہ یا نیب بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، عمران خان پاکستان کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ سیاسی مخالفین کیخلاف عمران خان کے سارے اقدامات اس کے بغض وانتقام کا شاخسانہ ہیں،وہ اپنے مخالفین کودبانا چاہتا ہے، ایف آئی اے کو اس اسکور کو سیٹل کرنے کیلیے استعمال نہیں ہونے دینا چاہیے،ایف آئی اے کو نیب بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے بلکہ ایف آئی اے کو ایف آئی اے ہی رہنا چاہیے، ایف آئی اے کو اس مکروہ فعل کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے اور اپنے مخالفین کو اندھا دھند آنکھیں بند کرکے کچلنے کی کوشش کررہا ہے، عمران خان اس میں کامیاب نہیں ہوگا لیکن سرکاری اداروں کو جو ابھی تک نیک نام ہیں، ان کو اپنی نیک نامی کو بدنامی میں نہیں بدلنا چاہیے۔