لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت میں پاکستان جمہوریت سے دْور اور آمریت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ منافق حکومت کو جمہوری طور پر چیلنج کریں گے، عدم اعتماد کی تحریک لانے کیلیے ہر رکن پارلیمنٹ کو ساتھ دینے کی مہم چلائیں گے، اعلیٰ عدلیہ کو قومی معاملات پر نوٹس لینا چاہیے،قانون کے بغیر کوئی ریاست قائم نہیں رہ سکتی۔ہم جمہوریت، آئین، معیشت اور ملک کو بچانے کے لیے 27فروری کو لانگ مارچ کر رہے ہیں ،جمہوری لوگ ہیں پی ٹی وی پر اور پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والوں میں سے نہیں،پاکستان کو شفاف احتساب کے نظام کی ضرورت ہے ،احتساب کا نظام امتیازی نہ ہو، فیئر ٹرائل کیخلاف نہ ہو،شاید ہم تاریخ کی بد ترین پارلیمنٹ کے رکن بنے ہیں،2008 میں پاکستان آہستہ آہستہ جمہوری ترقی کی طرف بڑھ رہا تھا،عمران خان کے دور میں ہم آمرانہ دور کی طرف جا رہے ہیں،عمران خان کے دور میں ہم جمہوریت سے دور جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت نہیں، پارلیمنٹ پر حملے ہو رہے ہیں، معاشی بحران ہے ،اللہ نے چاہا تو ہم پاکستان کو بچانے میں کامیاب ہو جائیں گے،عمران خان کے دور میں پاکستان جمہوریت سے دور ہوتا جارہا ہے ،آزاد عدلیہ اور قانون کے بغیر جمہوریت پنپ نہیں سکتی۔ کوئی بھی ریاست قانون کے بغیر نہیں چل سکتی، پاکستان میں قانون کی بالادستی ضروری ہے، ہماری پارٹی کا وکلاء برادری سے گہرا رشتہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اعتزاز احسن، سردار لطیف کھوسہ ، ذوالفقار علی بدر اور وکلاء عہدیدار بھی موجود تھے۔ دوران تقریب وکلاء برادری ’’گو نیازی گو‘‘ کے نعرے لگاتی رہی جبکہ بلاول زرداری نے اپنے خطاب کے دوران ’’یا اللہ یا رسول بے نظیر بے قصور ‘‘کے نعرے کو دہرایا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کے عوام کو موجودہ ظالم حکومت سے نجات دلانے کے لیے لانگ مارچ کا پلان بنایا ہے۔27 فروری کو منعقد کیا جانے والا لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا یہ لانگ مارچ اقتدار کے حصول کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے آئین پاکستان کی جمہوریت اور پاکستان کی اقتصادیات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے نکالا جائے گا امید ہے کہ پاکستان کے عوام جو اس وقت مشکل میں ہے پارٹی کے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے اور اس لانگ مارچ کے ذریعے کامیابی حاصل کریں گے۔