بھارت میں زیر حراست سمیرا کو پاکستانی شہریت کا تصدیق نامہ جاری کردیا ، شیخ رشید

365
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے عراق کے سفیر حامد عباس ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز)بھارت میں زیرحراست سمیرا کوپاکستانی شہریت کا تصدیق نامہ جاری کردیا گیا، سفری اجازت نامہ ملنے کے بعد سمیرا اور ان کی4سالہ بیٹی پاکستان آسکیں گی۔وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سمیرا کو شہریت نامہ نادرا سے خاندان کی تصدیق کے بعد جاری کیا گیا۔سمیرا کی شہریت تصدیق نامے کا مراسلہ وزارت خارجہ کو بھیج دیا گیا، شہریت کی تصدیق پر سمیرا کو نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سفری دستاویزجاری کردے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سفری دستاویز جاری ہونے پر سمیرا اور ان کی 4 سال کی بیٹی بھی پاکستان آسکے گی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان عراق جانے والے زائرین کے لیے سفری سہولیات میں اضافہ کریگا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے عراق کے سفیر حامد عباس لفطا نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پاک عراق دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاحوں بالخصوص زائرین کیلیے سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ویزا سہولیات اور سکیورٹی تعاون بڑھانے کیلیے دونوں ملکوں کی داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا گیا۔عراقی سفیر حامد عباس لفطا کا کہنا تھا کہ پاکستان اورعراق کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ کیلیے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اورعراق کے درمیان تعلقات تاریخی، اسلامی بھائی چارے، باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔