پاکستان اور افغانستان کو مل کر آگے بڑھنا ہے، اسد قیصر

95

اسلام آباد(آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کو مل کر آگے بڑھنا ہے، کابل کے ساتھ تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کا فروغ ترجیح ہے۔پاکستان افغانستان مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے کہا پاکستان اور افغانستان کی ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ افغانستان کی عوام کے ساتھ
ہمارا خونی رشتہ ہے۔ پاک افغان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے دوطرفہ عوامی سطح پر رابطوں میں تیزی لانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو مستحکم بنانے کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی نے قابل ستائش کردار ادا کیا۔ افغانستان کے ساتھ ویزا پالیسی میں خصوصی نرمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے لیے ویزہ پالیسی میں نرمی کے ساتھ ساتھ ویزا کی مدت میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ انہو ں نے کہاکہ افغان بھائیوں کی مشکلات میں پاکستان افغانستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے مابین تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانی ہو گی۔